Thursday, March 28, 2024

ایون فیلڈ ریفرنس کےملزمان کی سزا معطلی کی اپیل سننے کے خلاف نیب کی درخواستیں مسترد

ایون فیلڈ ریفرنس کےملزمان کی سزا معطلی کی اپیل سننے کے خلاف نیب کی درخواستیں مسترد
September 17, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس کے ملزمان کی سزا معطلی کی اپیل سننے کے خلاف نیب کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اپیلوں پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ نے 30 اگست کو ایون فیلڈ ریفرنس کے خلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیا۔ 10 ستمبر کو سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہونی تھی لیکن اسی دن ہائی کورٹ نے اپنے ہی حکم پر نظر ثانی کرلی اور سزا معطل کرنے کی درخواستوں پر کارروائی کا فیصلہ دیا۔ چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر اکرم قریشی کی سرزنش کی اور ریمارکس دئیے کہ نیب اس طرح کی فضول درخواستیں کیوں دائر کرتا ہے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بہتر سمجھا ہو گا کون سی درخواستوں کو پہلے سننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی اپنی صوابدید ہے، ہائی کورٹ اپنے فیصلے پر نظرثانی کر سکتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے نظرثانی کرنا غیرقانونی نہیں۔ معلوم نہیں اپیلوں پر سماعت مکمل ہونے میں کتنا وقت لگے گا ، ہائی کورٹ نے فی الحال سزائیں معطل تو نہیں کی۔ اگر ایسا ہوا تو ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرسکتے ہیں۔ لوگوں کو انصاف ملنا چاہیے۔ عدالت نے غیر ضروری اپیلیں دائر کرنے پر نیب کو 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔