Thursday, April 18, 2024

ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ، 6 جولائی بروز جمعۃ المبارک کو سنایا جائیگا

ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ، 6 جولائی بروز جمعۃ المبارک کو سنایا جائیگا
July 3, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) ایون فیلڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ  6جولائی بروز جمعۃ المبارک کو سنایا جائے گا ، نوازشریف کیخلاف کیسز کے فیصلوں کو جمعہ کے دن سے خصوصی نسبت حاصل ہوتی جا رہی ہے ، سابق وزیراعظم کو اس سے قبل بھی جولائی 2017 سے اپریل 2018 تک چار مرتبہ جمعہ کے روز ہی نااہل قرار دیا گیا تھا۔ اس سے قبل ملکی اور بین الاقوامی سطح پر خوب ہنگامہ برپا کرنے والے پاناما کیس کا بڑا فیصلہ بھی عدالت عظمیٰ کی جانب سے جمعہ 28 جولائی 2017 کو سنایا گیا ۔ پھر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کی گئی، تو نوازشریف کی نااہلی برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی جمعہ کے روز ہی 15 ستمبر 2017 کو سنایا گیا ۔ پارٹی صدارت کا مسئلہ سامنے آیا کہ کیا نااہل قرار دیا گیا شخص پارٹی کا صدر بن سکتا ہے یا نہیں؟،  تو عدالت نے ایک بار پھر نوازشریف کی صدارت سے بھی نااہلی کا فیصلہ دیا تو اتفاق سے 21 فروری 2018 کو جمعے کا دن ہی تھا۔ اب سوال پیدا ہوا کہ کیا نااہلی کچھ وقت کے لئے ہے یا تاحیات ہے؟، عوام کی نظریں ایک بار پھر عدالت پر مرکوز ہو گئیں، عدالت میں سماعت پر سماعت ہوئی، فیصلہ محفوظ ہوا اور پھر بڑا فیصلہ نوازشریف کو تاحیات نااہل قرار دیئے جانے کا آیا تو 13 اپریل 2018 کا یہ دن بھی جمعۃ المبارک ہی تھا۔