Thursday, April 25, 2024

ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا، ملک بھر میں چہ میگوئیوں کا بازار گرم

ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا، ملک بھر میں چہ میگوئیوں کا بازار گرم
July 6, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) شریف فیملی کے خلاف ایون فیلٖڈ ریفرنس کے لئے فیصلے کے لئے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گئی اور ملک بھر میں چہ مگوئیوں کا بازار بھی گرم ہو گیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ملکی تاریخ کی بڑی کرپشن کا فیصلہ سنائیں گے۔ اسٹیج سج گیا جج محمد بشیر کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا جبکہ احتساب عدالت کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ دوسری طرف نواز شریف کی طرف سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔ رجسٹرار ایاز حسن زبیری نے وکیل ظافر خان کو درخواست جج ارشد ملک کی عدالت میں دائر کرنے کی ہدایت کی، جج ارشد ملک نے درخواست چھ جولائی کو جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ امکان ہے کہ فیصلے سے پہلے جج محمد بشیر نواز شریف کی نئی دائر کردہ درخواست کی سماعت کریں گے۔ واضح رہے نوازشریف نے گزشتہ روز لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کچھ دنوں کے لئے مؤخر کرنے کی استدعا کی تھی۔ فیصلہ  آئے گا یا نہیں؟؟ ایک نئی بحث چھڑ گئی،، کیا دنیا بھر میں کہیں ایسا قانون بھی ہے کہ عدالتی فیصلہ آپ کی مرضی سے آئے؟ جب ملزم چاہے فیصلہ سنایا جائے؟