Friday, April 26, 2024

ایوان کو جتنا بے توقیر عمران خان کی حکومت نے کیا اسکی مثال نہیں ملتی ، خواجہ سعد رفیق

ایوان کو جتنا بے توقیر عمران خان کی حکومت نے کیا اسکی مثال نہیں ملتی ، خواجہ سعد رفیق
June 24, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ایوان کو جتنا بے توقیر عمران خان کی حکومت نے کیا اسکی مثال نہیں ملتی۔ خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہم یہاں ایک دوسرے کی بےعزتی کا مینڈیٹ لے کر نہیں آتے۔ لوگوں نے ہمیں اس لیے ووٹ نہیں دیا کہ ہم ایک دوسرے پر تنقید کریں۔ حکومت نے مخالفین سے جیلیں بھر دیں مگر یہ بتائیں کرپشن کا کونسا ٹکہ ریکور کر لیا۔ خواجہ سعد رفیق بولے بدقسمتی سے فال آف کشمیر ہو چکا ہے۔ چائینیز نے بھارتیوں کو نکیل ڈال دی۔ آپ نے کیا کیا؟ ٹڈی دل آیا ، آپ سوئے رہے ، اربوں کی فصل اجاڑ گئے۔ کورونا ٹیسٹ کی فیس 8 ہزار روپے ہے، ہم نے ڈینگی کا 800 والا ٹیسٹ 80 روپے کا کیا۔ آپ کے نزدیک سب چور ہیں،جو آپ کو کہتا ہے آپ سیٹلمنٹ کریں وہ آپ کو برے لگتے ہیں۔ وہ وقت آئے گا، وزارت عظمیٰ دینے والے وزارت لے کر پھریں گے  کوئی لے گا نہیں ۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا پاکستان کی تاریخ میں بڑے بڑے اعزاز پی ٹی آئی حکومت نے حاصل کیے۔ شہباز شریف کو پکڑنے کا شوق تھا، بجٹ ہی گزار لیتے۔ خورشید شاہ ، حمزہ شہباز کو جیل میں ٹھونسا ہوا ہے۔ خواجہ آصف نیب کی پیشیاں بھگت رہا ہے۔ ہم سب اپنی اپنی باری دے آئے ہیں، پھر یہی کھڑے ہیں۔ کتنا خوف ہے کورونا کا کہ ہم یہاں پر بات  نہیں کرسکتے؟ سچ یہ ہے کہ پاکستان میں جمہوریت نہیں ہے ۔  سیاسی اختلافات کو دشمنی میں بدلا جارہا ہے۔ ملک پر رحم کریں سعد رفیق نے کہا مشرقی پاکستان کے ٹوٹنے سے سبق نہیں سیکھا تو کورونا سے ہی سیکھ لیں۔  آپ اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ اپوزیشن کے ساتھ معاملات ڈسکس کر سکیں۔ فال آف کشمیر کے بعد اب فال آف اکانومی ہو چکا ہے۔ پاکستان کو کہاں لے کر جارہے ہیں؟ آپ کا بجٹ خسارہ 7 فیصد ہے، ہمارا 4 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا مان لیتے ہیں ہم نے سب کچھ مصنوعی کیا آپ بھی کر لیتے ۔  کل کو کسی نے رسیدیں مانگ لیں  تو آپ  کو دینا پڑیں گی۔ جناب مہربانی کریں پاکستان کے بارے میں سوچیں۔