Saturday, May 11, 2024

ایوان نمائندگان میں رائے شماری ، ٹرمپ کے جنگ سے متعلق اختیارات محدود کرنے کی قرارداد منظور

ایوان نمائندگان میں رائے شماری ، ٹرمپ کے جنگ سے متعلق اختیارات محدود کرنے کی قرارداد منظور
January 10, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) ایوان نمائندگان میں رائے شماری کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ سے متعلق اختیارات محدود کرنے کی قرارداد منظور ہو گئی۔ امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ سے جنگ کے اختیارات واپس لینے کا بل پیش کیا گیا جس کے حق میں دو سو چوبیس جبکہ مخالفت میں ایک سو چورانوے ووٹ ڈالے گئے۔ بل کے حق میں تین ری پبلکنز میٹ گیٹز، فرانسس رونی اور تھامس میسی نے ووٹ دیئے۔ اس کے ساتھ ہی آٹھ ڈیمو کریٹس کی جانب سے اس کی مخالفت بھی کی گئی ہے۔ بل کی منظوری کے بعد ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے امریکی زندگیوں اور اقدار کو تحفظ ملے گا۔ ایوان نمائندگان سے منظوری کے بعد اب بل کو سینیٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں ریپبلکن پارٹی اکثریت میں ہے تاہم سینیٹر مائیک لی اور رینڈ پال ری پبلکن ہونے کے باوجود ٹرمپ کے اختیارات محدود کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ سینیٹ سے منظوری کے بعد بل کو صدر کے دستخط کے بغیر ہی قانون کا درجہ حاصل ہو جائے گا جس کے بعد وہ بنا کانگریس کی اجازت کے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی نہیں کر سکیں گے۔