Sunday, September 8, 2024

ایوان میں کرسیاں خالی، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بھڑک اٹھے

ایوان میں کرسیاں خالی، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بھڑک اٹھے
August 22, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) حکومتی ارکان کی قومی اسمبلی سے بے رخی۔ ایوان میں کرسیاں خالی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بھڑک اٹھے۔ نہ آنیوالوں کیلئے سزا تجویز کردی۔ کہتے ہیں یہی وجہ ہے جو پارلیمنٹ پر بادل چھائے ہیں۔ حکومت نے جگہ بھرنے کےلئے پچھلی نشستوں والوں کو اگلی سیٹوں پر بٹھا دیا۔

وزیراعظم بدل گیا نہ بدلی تو وزراءکی روایت، قومی اسمبلی میں حکومتی نشستیں پھر خالی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ حکومتی ارکان کی بے حسی پر گرجتے برستے رہے۔

انہوں نے سپیکرسے کہا کہ نہ آنیوالے ارکان کو کرسی پر کھڑا کرکے سزا دیں۔ دو چار کو معطل کردیں سب آجائیں گے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ارکان کو ہاتھ جوڑ کر یہاں لاتے ہیں اگر اپوزیشن ارکان ضد میں آکر باہر چلے گئے تو بل پاس نہیں ہوسکے گا۔

خورشید شاہ نے اسپیکر سے پچھلی نشستوں پر بیٹھے ارکان کو اگلی نشستوں پر بٹھانے کی رولنگ مانگ لی۔

اسپیکر نے حکومت سے جواب مانگا تو شیخ آفتاب نے خورشید شاہ کے مؤقف کو درست قرار دیتے ہوئے پچھلی نشستوں پر بیٹھے ارکان کو وزراءکی نشستوں پر بیٹھنے کاکہہ دیا۔

شیخ آفتاب نے خورشید شاہ کی تنقید پر دلچسپ جواب بھی دیا۔ کہنے لگے خورشید شاہ صاحب اسمبلی کے 9 ماہ رہ گئے ہیں۔ آپ عادی ہوجائیں گے۔