Sunday, May 5, 2024

ایوان میں الوداعی عشائیہ ، صدرممنون حسین کا جنرل راحیل شریف کو زبردست خراج تحسین

ایوان میں الوداعی عشائیہ ، صدرممنون حسین کا جنرل راحیل شریف کو زبردست خراج تحسین
November 25, 2016

 اسلام آباد(92نیوز)‎صدر ممنون حسین کی جانب سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ  صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج نے دیگر تمام قومی اداروں سے بھرپور ہم آہنگی کے ساتھ اندرونی اور بیرونی خطرات کا جرأت مندی سے مقابلہ کیا جس سے ان کے احترام اور قومی اعتماد میں اضافہ ہوا۔

تفصیلات کےمطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں الوداعی عشائیے کے موقع پر چیئرمین سینیٹ، سروسز چیفس، ڈی جی آئی ایس آئی، وفاقی وزرا، پارلیمنٹیرین اوردیگر نے شرکت کی۔ صدرمملکت نے آرمی چیف کو مدت ملازمت کی انتہائی کامیابی اور باوقار طریقے سے تکمیل پر مبارک باد دی۔ انہوں نے ملک میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور بدامنی کے خاتمے کے لیے آرمی چیف کی قیادت میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت مؤثر حکمت عملی کوسراہا۔  جنرل راحیل شریف نے اپنے عرصہ قیادت میں پروفیشنل سولجر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں اور اپنے دور میں ریاست کے تمام اداروں کے ساتھ بھرپور ہم آہنگی سے چلنے کی روایت قائم کی۔ بہادری ، پیشہ وارانہ مہارت اور بہترین نظم و ضبط پاک فوج کی شناخت ہے اور جنرل راحیل شریف کے دور میں یہ شناخت مزید توانا ہوئی ۔انہوں نے جنرل راحیل شریف کے بہتر مستقبل ،صحت اور خاندان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔آرمی چیف نے رہنمائی اور تعاون پر صدرمملکت کا شکریہ ادا کیا۔