Monday, September 16, 2024

ایوان بالا کے انتخابات ، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری دن

ایوان بالا کے انتخابات ، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری دن
February 8, 2018

لاہور (92 نیوز) ایوان بالا کے انتخابات کیلئے تمام پارٹیوں کے امیدوار کا آج کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آخری دن ہے ۔
سینیٹ میں برتری کے لیے سیاسی جماعتیں جوڑ توڑ میں مصروف ہیں ۔ تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے ہیں ۔
ادھر حکمران جماعت نون لیگ نے اپنے امیدوار فائنل کر لیے جبکہ اپوزیشن جماعتیں مشترکہ امیدوار نہ لا سکیں ۔
3مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن میں پنجاب اسمبلی کے اراکین 12 نشستوں پر امیدوار منتخب کریں گے جن میں 7 جنرل، 2 ٹیکنو کریٹس، 2 خواتین اور ایک اقلیتی نشست شامل ہے ۔
پنجاب اسمبلی میں اراکین کی تعداد کے تناسب سے جیتنے والے امیدوار کو کم از کم 47 ایم پی ایز کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہے ۔
حکمران جماعت نون لیگ 315 ایم پی ایز کےساتھ واضح طور پر آگے دکھائی دیتی ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریکِ انصاف کے 30، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ قاف کے8،8 اور جماعتِ اسلامی اور پاکستان نیشنل مسلم لیگ کے1،1 ایم پی ایز ہیں ۔ 5 آزاد اراکین بھی پنجاب اسمبلی کا حصہ ہیں ۔
نون لیگ اب تک اسحاق ڈار، نزہت صادق، کامران مائیکل، آصف کرمانی، عرفان صدیقی، تہمینہ دولتانہ، مشاہد حسین اورسعود مجید کے نام فائنل کر چکی ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے اپنے 3 امیدوار حنا ربانی کھر، نواب شہزاد اور نوازش پیرزادہ میدان میں اتارے ہیں ۔
تحریکِ انصاف کی جانب سے چوہدری سرور اور قاف لیگ کی جانب سے کامل علی آغا امیدوار ہیں ۔
اعداد و شمار ظاہرکرتے ہیں کہ اگر اپوزیشن میں اتفاقِ رائے ہو بھی جائے توانہیں پنجاب سے صرف ایک نشست ہی مل سکے گی ۔