Sunday, May 19, 2024

اینگلا مرکل کی کامیابی یورپی یونین پر بھی گہرے اثرات ڈالے گی

اینگلا مرکل کی کامیابی یورپی یونین پر بھی گہرے اثرات ڈالے گی
September 24, 2017

برلن (92 نیوز) جرمنی کے انتخابات میں چانسلر اینگلا مرکل کا ایک دفعہ پھر کامیابی حاصل کرنا یورپی یونین پر بھی گہرے اثرات ڈالے گا ۔

 جرمنی یورپی یونین کا بڑا ملک اور اس میں ہونے والی کسی بھی بڑی تبدیلی کا اثر براہ راست یورپی یونین پر پڑتا ہے ۔ جرمن چانسلر اینگلا مرکل یورپی یونین کی ایک بڑی حمایتی رہنما کے طور پر جانی جاتی ہیں ۔ اینگلا مرکل کی کامیابی کی صورت میں یورپی یونین کے ملکوں کے درمیان مزید قریبی معاشی اور سیاسی تعلقات قائم ہونگے ۔ تجزیہ کار جرمنی کے انتخابات کو یورپی یونین کے مستقبل کیلئے انتہائی اہم اور انہیں یورپ کے مستقبل کے ساتھ بھی جوڑ رہے ہیں ۔

 برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے اعلان کے بعد اس اتحاد کو جہاں ایک بڑا سیاسی دھچکا لگا وہیں معاشی طور پر بھی اسے نقصان ہوا ۔ تاہم اینگلا مرکل انتخابات ہار گئیں تو یہ یورپی یونین کیلئے بریگزٹ کے بعد دوسرا بڑا دھچکا ہو گا اور یونین مزید کمزور ہو گی ۔

 اینگلا مرکل کی کامیابی یورپی یونین کو دوبارہ مضبوط اور اس کی معاشی حالت مستحکم بنا سکتی ہے ۔ فرانس یورپی یونین کا دوسرا بڑا ملک ہے اور اینگلا مرکل کے فرانس کے نومنتخب صدر ایمانویل میکروں کے ساتھ انتہائی اچھے تعلقات ہیں ۔ دونوں رہنما یورپی یونین میں اصلاحات کیلئے بھی متفق ہیں ۔

 یورپین فنانس منسٹر کی تعیناتی ، یورو زون پارلیمنٹ اور یورو زون کا ایک مشترکہ بجٹ چند ایسے نکات ہیں جن پر یہ دونوں رہنما متفق ہیں ۔

 اینگلا مرکل کی کامیابی سے بریگزٹ سے متاثرہ یورپی یونین کے اندر طاقت کی ایک نئی لہر آئے گی۔