Saturday, May 11, 2024

اینٹی کرپشن یونٹ نے عمراکمل کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا

اینٹی کرپشن یونٹ نے عمراکمل کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا
April 27, 2016
لاہور (92نیوز) ہلہ گلہ اور موج مستی کرنے میں مشہور پارٹی بوائے عمر اکمل ایک مرتبہ پھر پھنس گئے۔ فیصل آباد میں ڈرامہ دیکھنا مہنگا پڑ گیا۔ پی سی بی کے اینٹی کرپشن افسروں نے بلے باز کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جب سے پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہوا ہے تنازعات ہیں کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے۔ کبھی سینئر بلے باز یونس خان کا امپائر سے جھگڑ ا تو کبھی احمد شہزاد کی جانب سے ڈریسنگ روم کا شیشہ توڑنے کا معاملہ جس کے بعد سٹیڈیم سے شروع ہونیوالے تنازعات کو گراونڈ سے باہر کی ہوا بھی لگ گئی۔ اپنی حرکتوں سے اکثر خبروں کی زد میں رہنے والے پارٹی بوائے عمر اکمل کھیل کو بھول کر فیصل آباد کے مقامی تھیٹر میں اسٹیج ڈرامہ دیکھنے جا پہنچے۔ بات میڈیا تک پہنچی تو شور مچا۔ اب پی سی بی کے اینٹی کرپشن افسران نے اس معاملے کی تحقیقات کا آ غاز کر دیا ہے۔ بورڈ کے ویجیلنس ڈیپارٹمنٹ نے عمر اکمل کے دوران ڈرامہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور بلے باز کے ساتھ موجود افراد کے بارے میں مواد اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے دو افسران معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں عمر اکمل کے کسی کے ساتھ جھگڑے کے ثبوت نہیں ملے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے پاکستان کپ سے جڑے تمام تنازعات کی چھان بین کرنے کا مقصد دورہ انگلینڈ سے قبل کھلاڑیوں کو یہ باور کروانا ہے کہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔