Friday, April 26, 2024

اینٹی کرپشن پنجاب نے سیف الملوک کھوکھر کے غیرقانونی زیر قبضہ اراضی واگزار کرا لی

اینٹی کرپشن پنجاب نے سیف الملوک کھوکھر کے غیرقانونی زیر قبضہ اراضی واگزار کرا لی
December 6, 2020

لاہور (92 نیوز) اینٹی کرپشن پنجاب نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کے غیرقانونی زیر قبضہ اربوں روپے مالیت کی اراضی واگزار کرا لی۔

سابق رکن پنجاب اسمبلی کے غیر قانونی قبضہ سے اربوں روپے مالیت کی 80 کنال اراضی واگزار کر لی گئی۔ ہیوی مشینری سے اینٹی کرپشن پنجاب نے غیر قانونی قابضین سے اراضی واگزار کروائی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض کی درخواست پر گزشتہ روز قابضین کے خلاف اینٹی کرپشن میں پرچہ درج ہوا تھا۔ درخواست میں اربوں کا نقصان پہنچانے پر اس کام میں ملوث سرکاری افسران اور مفاد کنندگان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی اسدعا کی گئی تھی۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر سیف الملوک کھوکھر کے فرنٹ مینوں پر مقدمہ درج کیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا سیف الملوک کھوکھر نے اپنے فرنٹ مین یو سی چیئرمین مبین داؤد، مبشر اور افضل خان کی مدد سے 80 کنال اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا۔

مذکورہ اراضی پارسی خاندان عیدلڈینشاجی کی ملکیت تھی جس کی 1914 میں وفات کے بعد اولاد نہ ہونے کی وجہ سے پراپرٹی لاوارث ہو گئی تھی۔ اراضی ملک سیف الملوک کے فرنٹ مینوں نے محکمہ مال کی ملی بھگت سے جعلی وارث بنا کر 2015 میں اپنے اپنے نام ٹرانسفر کرا لی تھی۔