Wednesday, April 24, 2024

اینٹی کرپشن مقدمات میں وزیر اعلیٰ کی اجازت دینے کا اختیار معطل

اینٹی کرپشن مقدمات میں وزیر اعلیٰ کی اجازت دینے کا اختیار معطل
November 16, 2018
لاہور (92 نیوز) سپریم کورٹ نے اینٹی کرپشن مقدمات میں وزیر اعلیٰ کی اجازت دینے کا اختیار معطل کر دیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ڈی جی اینٹی کرپشن کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے انسداد بدعنوانی مقدمات میں وزیر اعلیٰ کی اجازت دینے کا اختیار معطل کر دیا۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دئیے کسی بهی وزیر اعلیٰ سے کرپشن مقدمات میں اجازت لینے کا اختیار غیر آئینی ہے۔ سیاسی اجازت لینا تو فوجداری قوانین کی بنیادی روح سے ہی متصادم ہے۔ عدالت نے وضاحت کی کہ اینٹی کرپشن رولز پانچ، چھ اور دس کو معطل کیا گیا ہے۔ درخواست گزار حسین اصغر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بیوروکریٹس کیخلاف کارروائی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی اجازت لینا پڑتی ہے۔ اجازت نہ ملے تو بڑے بیوروکریٹس کے خلاف مقدمہ درج نہیں کر سکتے۔ عدالت نے وزیر اعلیٰ کا اختیار معطل کرتے ہوئے اینٹی کرپشن انکوائریوں سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت مقدمات بهی دو ہفتوں میں نمٹانے کا حکم دے دیا۔