Tuesday, April 30, 2024

اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے قبضہ میں لی گئی منشیات نذرآتش، ڈی جی رینجرز کا فورس کے اہلکاروں کو خراج تحسین

اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے قبضہ میں لی گئی منشیات نذرآتش، ڈی جی رینجرز کا فورس کے اہلکاروں کو خراج تحسین
October 16, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے قبضے میں لی گئی منشیات کو نذر آتش کر دیا گیا۔ ڈی جی رینجرز پنجاب عمر فاروق برکی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں عدم استحکام کے باعث پاکستان کو منشیات کی سمگلنگ میں تیزی آئی ہے۔ لاہور میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے منعقدہ تقریب میں دو سو چھیالیس کلو ہیروئن، سترہ سو ساٹھ کلو چرس، اٹھانوے کلو افیون، چار کلو کوکین، چھبیس ہزار لٹر شراب، پینتیس سو مارک تھری انجکشن سمیت دیگر منشیات کو نذرآتش کر دیا گیا۔ اے این ایف حکام کے مطابق پنجاب بھر میں پانچ سو چونسٹھ مقدمات درج کر کے چھے سو اڑتیس افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ منشیات کو نذرآتش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز پنجاب عمر فاروق برکی نے کہا ہے کہ افغانستان میں عدم استحکام کے باعث پاکستان کو منشیات کی سمگلنگ میں تیزی آئی ہے۔ ڈی جی رینجرز نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے پر اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکاروں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ اے این ایف کی تقریب میں فنکاروں، کھلاڑیوں، صحافیوں اور ادیبوں نے خطاب کیا جبکہ سول سوسائٹی نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔