Friday, April 26, 2024

اینٹی منی لانڈرنگ بل منظور‘ سینیٹ کا انکم ٹیکس فراڈز کو بل کا حصہ بنانے سے انکار

اینٹی منی لانڈرنگ بل منظور‘ سینیٹ کا انکم ٹیکس فراڈز کو بل کا حصہ بنانے سے انکار
October 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے اینٹی منی لانڈرنگ بل میں شامل حکومتی تجاویز کو مسترد کردیا۔ انکم ٹیکس فراڈز کو منی لانڈرنگ بل کا حصہ بنانے کی مخالفت کردی۔ سیلز ٹیکس اور ایکسائز ٹیکس فراڈز کو بل کا حصہ بنا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت بالآخر اینٹی منی لانڈرنگ بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سے منظور کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے تاہم اپوزیشن نے حکومت کی طرف سے پیش کی جانیوالی ترامیم کو مسترد کردیا ہے۔ کمیٹی نے انکم ٹیکس فراڈز کو اینٹی منی لانڈرنگ بل میں شامل کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا تاہم سیلز ٹیکس اور ایکسائز ٹیکس کے فراڈز کو اینٹی منی لانڈرنگ بل کا حصہ بنانے کی ترامیم منظور کرلی گئی ہیں۔ سینیٹر فتح محمد حسنی نے کہا کہ پارلیمنٹ آئی ایم ایف کے ماتحت نہیں۔ سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ تاجر برادری مجوزہ قانون کی کسی صورت حمایت نہیں کرسکتی۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ ٹیکس چوروں کے خلاف موجودہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر سلیم ایچ مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے اپنی سفارشات کے ساتھ اینٹی منی لانڈرنگ بل منظور کر لیا ہے۔