Friday, April 26, 2024

اینٹی بایوٹکس ادویات اپینڈکس کا بہترین متبادل علاج ہیں: تحقیق

اینٹی بایوٹکس ادویات اپینڈکس کا بہترین متبادل علاج ہیں: تحقیق
December 20, 2015
لندن (ویب ڈیسک) امریکی محققین نے کہا ہے کہ اپینڈیکس کے درد میں مبتلا بچوں کے خاندانوں کو آپریشن کے بجائے اینٹی بایوٹکس کی پیشکش کرنا ایک محفوظ علاج ہو گا جس کے نتائج نسبتاً بہتر ہو سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک نئی تحقیق میں ڈاکٹروں نے بچوں میں اپینڈیکس کے علاج کے لیے اینٹی بایوٹکس کو متبادل علاج قرار دیا ہے۔ محققین کو نئے مطالعے میں پتا چلا ہے کہ جب والدین نے اپنے بچوں کے اپینڈیکس کے علاج کے لیے آپریشن کے بجائے اینٹی بایوٹک علاج کا انتخاب کیا تو بچے بغیر آپریشن کے صحت یاب ہو گئے۔ علاوہ ازیں اینٹی بایوٹک علاج کرانے والے بچوں کو صحت یابی کے لیے ہسپتال میں کم وقت گزارنا پڑا تھا جبکہ ان کا ہسپتال کا بل آپریشن کے مرحلے سے گزرنے والے بچوں کے مقابلے میں کافی کم تھا۔ یہ تحقیق امریکی ریاست اوہائیو میں واقع ”نیشن وائیڈ چلڈرنس ہسپتال“ کے محققین نے کی ہے۔ خیال رہے کہ اپینڈیکٹس کی تکلیف اس وقت ہوتی ہے جب بڑی آنت میں داہنی جانب ٹشوز کی تھیلی سوج جاتی ہے جس کی وجہ سے پیٹ میں شدید درد اور متلی محسوس ہوتی ہے۔ روایتی علاج میں آپریشن کر کے اپینڈیکس کو نکال دیا جاتا ہے لیکن یہ سرجری ممکنہ طور پر دوسری پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔ تازہ ترین تحقیق بتاتی ہے کہ اپینڈیکس کے علاج کے لیے اینٹی بایوٹکس ادویات اور پرہیز ایک موثر علاج ہے۔