Friday, April 19, 2024

اینٹی بائیوٹک ادویات کے اثرات میں کمی سے اموات بڑھنے کا خدشہ

اینٹی بائیوٹک ادویات کے اثرات میں کمی سے اموات بڑھنے کا خدشہ
October 17, 2015
لندن (ویب ڈیسک) ایک برطانوی طبّی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق اینٹی بائیوٹک ادویات کے اثرات میں 30 فیصد کمی کے باعث امریکہ میں سالانہ چھ ہزار اموات کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اضافی اموات کا خدشہ بڑی آنت اور کولہے کی ہڈی کے آپریشن اور خون کے سرطان کے مریضوں کی کیموتھیراپی کے دوران زیادہ ہے۔ مجوزہ تحقیق میں مختلف امریکی اداروں سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں پر مشتمل ٹیم کے لگائے گئے اندازوں کے مطابق امریکہ میں آپریشن کے بعد انفیکشن پیدا کرنے والے نصف کے قریب جراثیم میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ اندازہ بھی لگایا کہ کیموتھیراپی کے بعد پیدا ہونے والے چار میں سے ایک انفیکشن میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت پائی جاتی ہے۔ اس تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے موجودہ رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ اگر اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف انفیکشن کی مزاحمت میں ایک تہائی اضافہ ہوا ہے تو اس کے مریضوں پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ سائنس دانوں کے اندازے کے مطابق امریکہ میں انفیکشن کے سالانہ تقریباً سوا لاکھ اضافی کیسز سامنے آ سکتے ہیں جبکہ سالانہ چھ ہزار تین سو اضافی اموات کا خدشہ ہے۔