Tuesday, April 23, 2024

این ڈی ایم اے کی زیر نگرانی کراچی میں نالوں کی صفائی شروع

این ڈی ایم اے کی زیر نگرانی کراچی میں نالوں کی صفائی شروع
August 3, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں این ڈی ایم اے کی نگرانی میں نالوں کی صفائی شروع کردی گئی ،ناظم آباد میں گجرنالہ کی صفائی کیلئے ایف ڈبلیو او کی ٹیم پہنچ گئی ،ہیوی مشینری سے کچرا نکالنے کا کام شروع کردیا گیا،رینجرز کے اہلکار بھی سکیورٹی کیلئے موجود ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کراچی کے نالوں کی صفائی کا آغاز کردیا گیا ، این ڈی ایم اے کی نگرانی میں ایف ڈبلیو او کی ٹیم نے گجر نالہ سمیت ضلع وسطی میں 5 مقامات پر صفائی شروع کردی ، جس کیلئے 100 سے زائد ڈمپرز اور ہیوی مشینری استعمال کی جارہی ہے ۔

کراچی والوں کی سن لی گئی  ، چیئرمین این ڈی ایم اے کے دورہ کراچی کے اثرات سامنے آنے لگے اور شہر قائد کا سنگین مسئلہ حل کرنے کیلئے عملدرآمد شروع کردیا گیا ۔

ایف ڈبلیو او کی ٹیم ناظم آباد میں گجر نالہ پہنچی  جہاں ہیوی مشینری کی مدد سے کچرے کے ڈھیر

نکالنا شروع کردیے  اور کچرا ڈمپر کے ذریعے لینڈ فِل سائٹ پر منتقل کیا جارہا ہے  ، پہلے دن ضلع وسطی کے 5 مقامات پر نالوں کی صفائی شروع کی گئی ۔

گجر نالے کے اطراف مکینوں کی جان میں جان آگئی ، اورکہتے ہیں صفائی مہم کے بعد کراچی والوں کا بڑا مسئلہ حل ہوجائے گا ۔

مون سون اسپیل کے دوران شہر قائد میں نکاسی آب نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا  اور گلیاں نالوں کے گندے پانی میں ڈوبی رہی تھیں ۔