Thursday, April 25, 2024

این ڈی ایم اے کی جیب میں مال موجود ہے : پرویز رشید

این ڈی ایم اے کی جیب میں مال موجود ہے : پرویز رشید
October 27, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے  کہ  این ڈی ایم اے کی جیب میں مال موجود ہے،کسی بھی کالعدم تنظیم کو زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں کیمپ نہیں لگانے دینگے اور نہ ہی کسی کو امداد کی  آڑ میں زہر پھیلانے کی اجازت دینگے۔ تفصیلات کےمطابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ زلزلے کے بعد کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں، ہم پوری  صلاحیت رکھتے ہیں کہ اپنے بہن بھائیوں کی خود مدد کرسکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ  امدادی سرگرمیوں کے دوران کسی کالعدم تنظیم کو  کا م کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر چیئرمین  این ڈی ایم ای میجر جنرل اصغر نواز نے  بتایا کہ ملک میں گزشتہ  25  برس میں 12 ہزار 808 مخلتف نوعیت کے  زلزلے آچکے ہیں، پہاڑی علاقوں میں اب بھی آفٹر شاکس آسکتے ہیں، زلزلے کے بعد 18 آفٹر شاکس آچکے ہیں۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کے پاس وافر وسائل موجود ہیں، ادارے کے سربراہ، جنرل صاحب کی جیب گرم ہے، ایسی صورتحال میں کسی اور  مدد کی کیا ضروت ہے۔