Monday, May 13, 2024

این پی او کے سابق سی او کو نوازنے کیلئے نوٹیفکیشن روکنے کا انکشاف

این پی او کے سابق سی او کو نوازنے کیلئے نوٹیفکیشن روکنے کا انکشاف
December 19, 2019
اسلام آباد(روزنامہ 92 نیوز) وفاقی کابینہ کے فیصلے کے باوجود وزارت صنعت و پیداوار نے این پی او کے سابق چیف ایگزیکٹو کو نوازنے کیلئے بیرون ملک دورہ پر بھیج دیا، اور اس کے دورہ مکمل ہونے تک نئے سی او کا نوٹیفکیشن روکے رکھا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے گزشتہ ماہ 26 نومبر کو وزارت صنعت و پیداوار کے نئے چیف ایگزیکٹو عالمگیر خان کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ،جس کا باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے فیصلہ کے باوجود وزارت صنعت وپیداوار نے سابق سی او این پی او عبدالغفار خٹک کو نوازنے کیلئے رواں ماہ 4 دسمبر کو جاپان کے دورہ کا این او سی جاری کیا، جس میں ایشیا پروڈیکٹیویٹی آرگنائزیشن (اے پی او) کی جاپان میں9 اور 10دسمبر کو منعقد ہونیوالی ایکریڈیشن باڈی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دی،اور موصوف10 اور 11دسمبر کو چیف ایگزیکٹو آفیسر این پی او کی حیثیت میں سرکاری دورہ کرکے واپس آئے ۔ ان کی جاپان کے دورہ سے واپسی پر گزشتہ روز نئے سی او عالمگیر خان کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔اس حوالے سے جب وزارت صنعت و پیداوار کے حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اپنے جاری کردہ این او سی کا دفاع کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلہ کے باوجود جب تک نوٹیفکیشن جاری نہ ہوتو سابق سی او بیرون ملک دورہ کر سکتا ہے . سابق سینئر بیورو کریٹس سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے بعد وزارت صنعت و پیداوار کو سابق سی او کو بھیجنے کے بجائے کسی سینئر افسر کو پاکستان کی نمائندگی کیلئے سرکاری دورہ پر باہر بھیجنا چاہیے تھا۔ ذرائع کے مطابق سابق سی او این پی او عبدالغفار خٹک وزارت صنعت وپیداوار کے افسران کو این پی او کے پلیٹ فارم سے عالمی دوروں پر بھیج کر نوازتے رہے اوراب وزارت صنعت و پیداوار افسران نے سابق سی او کو نوازنے کیلئے بیرون ملک دورہ پر بھیج دیا جبکہ دورہ مکمل ہونے تک نئے سی او کا نوٹیفکیشن روکے رکھا۔ نئے سی او این پی او عالمگیر خان آج بدھ کو چارج سنبھالیں گے ۔