Friday, May 10, 2024

این سی او سی کے بڑے فیصلے ، کاروبار دو کی بجائے ایک دن بند رہیں گے

این سی او سی کے بڑے فیصلے ، کاروبار دو کی بجائے ایک دن بند رہیں گے
June 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) این سی او سی کے بڑے فیصلے سامنے آ گئے۔ کاروبار دو کی بجائے ایک دن بند رہیں گے۔

این سی او سی کے مطابق  ملک بھر میں کورونا سے بچائو کے لئے ویکسنیشن مہم 3 حصوں میں چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ویکسین کا عمل سرکاری اور غیرسرکاری ملازمین کے لیے لازمی ہے۔ تمام ملازمین کو 30 جون تک کورونا ویکسینیشن لازمی کرانے کی ہدایت کی ہے۔ 11 جون سے 18 سال سے زائد عمر کے تمام شہری واک ان ویکسینیشن کروا سکیں گے۔ ویکسینیشن سینٹرز کو اتوار کی بجائے جمعہ کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 11 جون سے تمام ویکسینیشن سینٹرز 8 بجے سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹس کی تصدیق کے لیے جون کے آخر تک آئی ٹی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔

این سی او سی نے کاروباری پابندیوں میں نرمی کر دی۔ کاروبار 2 دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دن کا فیصلہ تمام صوبائی اکائیاں خود کرینگی۔ ان ڈور جم کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ جم کے تمام ممبرز کے لیے ویکسیشن لازمی ہو گی۔ مخصوص نان کنٹیکٹ سپورٹس پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزارات اور سیمینار پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ  کیا گیا ہے ۔ 50 فیصد سٹاف کے گھر سے کام کرنے کی پالیسی اور  ہفتے میں دو روز بین الالصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ پر 50 فیصد گنجائش کو 70 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے جبکہ  ماسک پہننے کے حوالے سے این سی او سی کی دیگر پابندیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔