Tuesday, May 21, 2024

این سی او سی کی یوم حضرت علیؓ پر ہر قسم کے جلوس نکالنے پر پابندی

این سی او سی کی یوم حضرت علیؓ پر ہر قسم کے جلوس نکالنے پر پابندی
May 1, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے یوم حضرت علیؓ پر ہر قسم کے جلوس نکالنے پر پابندی لگا دی۔ اس موقع پر مجالس کے انعقاد کی اجازت بھی ایس او پیز کے تحت ہو گی۔

یوم علی کے انعقاد سے متعلق این سی او سی کا خصوصی اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شریک ہوئے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یوم علیؓ کے موقع پر جلوسوں پر پابندی کورونا کیسز بڑھنے کے باعث لگائی گئی ہے، پابندی خاص طور پرشہری علاقوں میں کورونا کیسز بڑھنے کے باعث لگائی گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق یوم علیؓ کے موقع پر مجالس کے انعقاد کی اجازت ایس او پیز کے تحت ہو گی۔

این سی او سی نے پاکستان آنے والی ایئرٹریفک میں 80 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ایئرٹریفک کو 20 فیصد تک محدود کیا جائےگا۔ 4 تا 20 مئی پابندی نافذ العمل رہے گی تاہم این سی اوسی 18 مئی کو موجودہ پابندیوں کے پلان پر نظر ثانی کرے گا۔