Friday, March 29, 2024

این سی او سی کی محرم الحرام کے حوالے سے صوبوں کو ہدایات جاری

این سی او سی کی محرم الحرام کے حوالے سے صوبوں کو ہدایات جاری
August 24, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) این سی او سی نے محرم الحرام کے حوالے سے صوبوں کو ہدایات جاری کر دیں۔ این سی او سی کا کہنا ہے صوبوں کو محرم مجالس اور جلوسوں کے دوران ضابطہ اخلاق  پر تعمیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبے حفاظتی اقدامات کی سخت تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے انتظامی اقدامات کو تیز کریں۔ محرم مجالس اور جلوسوں کے دوران علمائے کرام اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر تمام امور یقینی بنائے جائیں۔ اجلاس میں اسد عمر نے  ہزارہ ٹاؤن ، اسلام آباد ، اور لاہور میں کورونا کے حوالے سے رائج ایس او پیز پر سختی سے پابندی کو سراہا۔ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں میں شرکت کے دوران عوام کی جانب سے حفاظتی طرز عمل کی تعریف کی۔ اسد عمر نے کہا تمام صوبائی حکومتیں  محرم الحرام کی صورتحال کے حوالے سے سختی سے نگرانی کریں۔ وبائی مرض پر قابو پانے کے لئے تمام تر خفاظتی اور صحت کے رہنما اصولوں کو یقینی بنائے۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں کورونا وائرس کی صورتحال بگڑ سکتی ہے۔ عوام کے تعاون سے ہی اس وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ فورم کو یکم محرم الحرام سے ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا تمام مجالس کے داخلی راستوں پر فیس ماسک ہینڈ سینیٹائزر اور تھرمل سکینرز کا ہونا لازمی ہے۔ جلوسوں میں ساتھ ساتھ سماجی فاصلوں کا خیال برقرار رکھنا بھی اہم ہے۔ صوبائی چیف سکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے فورم کو خاص طور پر ماہ محرم کے دوران اس وباء سے بچنے کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔