Thursday, May 9, 2024

این سی او سی کا کورونا کیسز بڑھنے پر اظہار تشویش

این سی او سی کا کورونا کیسز بڑھنے پر اظہار تشویش
March 18, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) این سی او سی نے کورونا کیسز بڑھنے پر اظہار تشویش کیا اور شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کا خیال نہ رکھنے پر پابندیاں مزید سختی کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔

این سی او سی سربراہ اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کا خیال نہ رکھنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں مثبت کیسز کی مجموعی شرح 7.5 فیصد سے بھی زائد ہوچُکی ہے۔ تمام بڑے شہروں میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد تک پہنچ چُکی ہے۔ مُلک بھر میں ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلوں کی خلاف ورزیاں رپورٹ ہو رہی ہیں۔

دوسری جانب اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا کہ کورونا مثبت کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اسپتالوں میں روزانہ مریضوں کے داخلے ہو رہے ہیں۔ انتہائی نگہداشت والے افراد بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ لوگ بہت زیادہ احتیاط کریں۔ خبردار کیا کہ اگر لوگوں نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا تو سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہوں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گذشتہ روز کورونا کے 3 ہزار 495 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 61 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 44 ہزار 377 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ۔ ملک بھر میں اب تک 96 لاکھ 48 ہزار 242 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ۔