Tuesday, May 14, 2024

این سی او سی کا بڑے پیمانے پر سخت ایس او پیز کے تحت لاک ڈاؤن کا فیصلہ

این سی او سی کا بڑے پیمانے پر سخت ایس او پیز کے تحت لاک ڈاؤن کا فیصلہ
March 22, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا،‏ بڑے پیمانے پر سخت ایس او پیز کے تحت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔

این سی او سی کی جانب سے ہنگامی صورتحال کے سوا نقل و حرکت کی اجازت نہ دینے اور اِن ڈور ڈائننگ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

کورونا کی تیسری لہرکے باعث حکومت سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہے۔ وائرس کی آٹھ فیصد سے زائد شرح والے اضلاع اور شہروں میں نقل و حرکت پر سخت پابندی عائد کردی گئی۔ صرف ایمرجنسی کی صورت میں نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔ ہوٹل، ریسٹورنٹس میں ہر قسم کی انڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی۔ یہی نہیں ہفتے میں دو روز تجارتی سرگرمیاں بھی بند رہیں گی۔

این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذہبی و سیاسی اجتماعات پر مکمل جبکہ شادی بیاہ کی تقریبات کے ان ڈور انعقاد پر پابندی ہوگی۔ کھیلوں اور سماجی تقریبات اور تفریحی پارک مکمل طور پر بند رہیں گے۔ واکنگ اور جاگنگ ٹریکس ایس او پیز کے ساتھ کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔

این سی او سی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ پالیسی 11 اپریل تک نافذ العمل رہے گی۔ 7 اپریل کو این سی او سی میں جائزہ لیا جائے گا کہ ان پابندیوں پر اطلاق جاری رہے گا یا ان میں نرمی کی جائے گی، جبکہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ 24 مارچ کو این سی او سی اجلاس میں ہوگا۔

ٹویٹر پیغام میں سربراہ این سی اوسی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور صوبائی انتظامیہ کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی۔ ایس او پیز کو نظر انداز کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کا بھی کہہ دیا گیا ہے۔