Friday, May 10, 2024

این سی او سی کا اجلاس ، کراچی اور گلگت بلتستان میں کورونا کے پھیلاؤ کا جائزہ

این سی او سی کا اجلاس ، کراچی اور گلگت بلتستان میں کورونا کے پھیلاؤ کا جائزہ
July 20, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کراچی اور گلگت بلتستان میں کورونا کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی نے عید الاضحی کی نماز اور جانوروں کی قربانی کیلئے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔ قرار دیا کہ عید کی نماز مکمل ایس او پیز کیساتھ کھلی جگہ یا میدان میں ادا کی جائے۔ نماز مسجد میں ادا کرنا پڑے تومسجد کے دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں۔ کوشش کی جائے کہ بچے ، بوڑھے اور بیمار افراد گھر پر رہیں۔

این سی او سی کی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ ماسک کے بغیر کوئی بھی شخص عید گاہ میں داخل نہیں ہو گا۔ قربانی کرتے ہوئے کورونا ایس او پیز کا خیال رکھیں۔ گھروں میں قربانی کی اجازت نہیں ہو گی۔ گھروں یا رہائشی علاقوں  سے دور مخصوص جگہ یا قربان گاہ میں قربانی کی جائے۔ اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں تمام صوبوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ۔

اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‏کل پہلی مرتبہ پاکستان میں ایک دن میں 6 لاکھ سے زیادہ ویکسینیشن کی گئی۔ ویکسینیشن کی بڑھتی ہوئی تعداد حوصلہ افزا ہے لیکن اس میں اور تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ تمام سماجی اور معاشی پابندیاں ختم کی جا سکیں۔ جب تک آبادی کا بڑا حصہ ویکسین نہیں لگواتا، پابندیاں ناگزیر ہیں۔