Friday, April 26, 2024

این اے154 عذرداری کیس : سپریم کورٹ نے صدیق بلوچ کو کل طلب کر لیا

این اے154 عذرداری کیس : سپریم کورٹ نے صدیق بلوچ کو کل طلب کر لیا
October 27, 2015
اسلام آباد(92نیوز)این اے 154 انتخابی عذر داری کیس میں سپریم کورٹ نے ن لیگ کے صدیق بلوچ کو کل  طلب کر لیا،  سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ عدالت چاہتی ہے کہ جمہوریت میں قابل لوگ سامنے آئیں دھوکے باز نہیں۔ تفصیلات کےمطابق جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے صدیق بلوچ کی الیکشن ٹریبیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کی۔ جہانگیر ترین کے وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ لودھراں کے صدیق بلوچ تو واقعی پاکستان کے نمائندے نکلے جنہوں نے 43 سال کی عمر میں میٹرک کراچی ، انٹر سندھ اور بی اے بلوچستان سے کیا۔ صدیق بلوچ کے وکیل شہزاد شوکت کا کہنا تھا کہ اگر ان کی تعلیمی اسناد عدالت میں جعلی ثابت ہوجائیں تو وہ عمر بھر کے لیے نا اہل قرار پانے کو  تیار ہیں۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ جرح میں پوچھے گئے سوالات کا جواب نہ دینے پر کسی کو دھوکے باز قرار دینا عمر بھر کا داغ ہوتا ہے محض ایک کاغذکا ٹکڑاگم ہوجانے سے کسی کو جھوٹا کیسے قرار دیں۔ عدالت نے صدیق بلوچ کو کل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔