Tuesday, April 23, 2024

  این اے122سے متعلق فافن کی رپورٹ غلط ہے ،حقائق کومسخ کرکے پیش کیا گیا :سپیکرقومی اسمبلی کا جوڈیشل کمیشن کو خط

   این اے122سے متعلق فافن کی رپورٹ غلط ہے ،حقائق کومسخ کرکے پیش کیا گیا :سپیکرقومی اسمبلی کا جوڈیشل کمیشن کو خط
June 3, 2015
اسلام آباد(92نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنیوالے کمشن کے نام خط میں حلقہ 122سے متعلق فافن کی رپورٹ کو غلط قرار دیدیا ،کہتے ہیں مدثر رضوی نے حقائق مسخ کرکے پیش کئے انکوائری کمیشن نوٹس لے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنیوالے کمشن کے نام خط میں حلقہ 122سے متعلق فافن کی رپورٹ کو غلط قرار دیا ہے، انکا کہنا ہے کہ فافن کی رپورٹ میں لاہور کے حلقہ این اے 122 کے بارے میں  کہا گیا ہے کہ وہاں رجسٹرڈ ووٹوں سے زیادہ ووٹ پول ہوئے ہیں۔ فافن کے مدثر رضوی کی رپورٹ پر ہی عمران خان نے میرے مخالف انتخابی پٹیشن دائر کی  اسپیکر نے اپنے خط کیساتھ منسلک گرافکس کے ساتھ ثابت کیا ہے کہ اصل ووٹوں کی تعداد کیا تھی ان کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے اس غلطی کی نشاندہی کی تو  مدثر رضوی نے بھی اسے تسلیم کیا ۔ فافن کی اس سنگین غلطی کی وجہ سے نا صرف انکی ذاتی شہرت کونقصان پہنچا بلکہ پورے انتخابی عمل پر سوالات اٹھے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت میں نے رکن قومی اسمبلی کا حلف بھی نہیں لیا تھا نہ ہی میں سپیکر منتخب ہوا تھا،یہ سوال اٹھانا کہ میں نے اپنی سرکاری حیثیت کا ناجائز استعمال کیا کسی صورت درست نہیں۔ اسپیکر نے خط میں مزید کہا ہے کہ مدثر رضوی نے کمیشن کے سامنے حقائق مسخ کرکے پیش کئے ہیں،مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی ہے اور معزز عدالت کوبھی گمراہ کیا ہے حالانکہ حلف اٹھا کر انہیں  صحیح  صورتحال کمیشن کے سامنے پیش کرناچاہیے تھی۔ اسپیکر نے کمیشن سے درخواست کی ہے کہ وہ اس سارے معاملے کا نوٹس لے۔