Friday, May 10, 2024

این اے دو سو انچاس کراچی میں چار جماعتوں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کر دیا

این اے دو سو انچاس کراچی میں چار جماعتوں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کر دیا
May 6, 2021

کراچی (92 نیوز) این اے دو سو انچاس کراچی میں چار جماعتوں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کر دیا۔ تحریک انصاف، ایم کیو ایم، ن لیگ اور پی ایس پی شامل ہیں۔

ن لیگ کے مفتاح اسماعیل نے کہا کتنے بیلٹ پیپرز آئے؟ کتنے استعمال ہوئے؟ ریکارڈ نہیں دیا جا رہا۔ صرف فارم 45 کی جانچ کرنے پر اصرار کیا گیا تو وہ باہر آگئے۔ تھیلوں کی سیل ٹوٹنے کا سوال کیا گیا تو جواب ملا شاید گر گئی ہو گی۔ وہ الیکشن کمیشن سے کہیں گے کہ یہ مذاق رکوائیں اور آڈٹ کرائیں۔

رہنما پی ٹی آئی امجد آفریدی نے کہا عوام کے حقوق پر ڈاکا مارا گیا ہے۔ ووٹوں کے تھیلوں کی سیل ٹوٹی ہوئی تھی۔ بدترین الیکشن میں عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا۔ تحریک انصاف نے این اے 249 میں ری پولنگ کی درخواست دے دی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار حافظ محمد مرسلین نے الزام لگایا کہ آر او اور ان کی ٹیم تیاری سے آئی تھی۔ تھیلے سیلڈ ہونے کے بجائے رسیوں سے بندھے ہوئے تھے جہاں ہاتھی نظر آرہا تھا وہاں کہتے ہیں سوئی بھی نہیں ہے۔ انہوں نے شفافیت کے لیے دوبارہ الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا۔

 ادھر پیپلزپارٹی نے آر او سے دوبارہ گنتی شروع کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ قادرمندوخیل نے کہا بلاول بھٹو کے حکم پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ تسلیم کیا۔ حکم نامے میں کہاں لکھا ہے کہ نون لیگ بائیکاٹ کرے تو دوبارہ گنتی نہیں ہو گی۔ مزید بولے دوبارہ گنتی ہو تو فارم 46 کا تعلق ہی نہیں ہوتا۔ نون لیگ اور پی ٹی آئی نے اتحاد کرکے بائیکاٹ کیا۔