Saturday, April 27, 2024

این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا پھر مسترد

این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا پھر مسترد
March 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا پھر مسترد کر دی۔

سپریم کورٹ میں این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ پولنگ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق قانون کی خلاف ورزی پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا۔ پیش کردہ نقشے کے مطابق 20 پریذائڈنگ افسران صبح تک غائب تھے۔ تمام کشیدگی ڈسکہ کے شہری علاقہ میں ہوئی۔ الیکشن کمیشن کا تفصیلی فیصلہ اور جواب اہمیت کے حامل ہیں۔

وکیل پی ٹی آئی شہزاد شوکت نے موقف اختیار کیا کہ ن لیگی امیدوار نوشین افتخار نے صبح 4 بجے 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کی درخواست دی۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ ڈی آر او کی رپورٹ کے مطابق حلقہ میں تصادم ہوئے، پولیس دیکھتی رہی۔ کیا ہوائی فائرنگ اتنا شدید مسئلہ ہے کہ دوبارہ الیکشن ہوں؟ الیکشن کمیشن نے پولیس کے عدم تعاون کا غصہ نکالا۔ پولیس کیخلاف تو کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔ پولیس کا عدم تعاون دوبارہ پولنگ کا جواز نہیں ہو سکتا۔

سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا پھر مسترد کرتے ہوئے مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔