Thursday, May 9, 2024

این اے 75 میں ضمنی الیکشن کا میدان دوبارہ 10 اپریل کو لگے گا

این اے 75 میں ضمنی الیکشن کا میدان دوبارہ 10 اپریل کو لگے گا
April 8, 2021

لاہور (92 نیوز) این اے 75 میں ضمنی الیکشن کا میدان دوبارہ دس اپریل کو لگے گا،جہاں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی اسجد ملہی اور ن لیگی سیدہ نوشین مدمقابل آئیں گے،ادھر آئے روز حلقے کے بڑھتے ہوئے مسائل سے عوام پریشان ہیں۔

این اے 75 ڈسکہ کے دوبارہ انتخابات میں صرف دو روز رہ گئے، حلقے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے آئے اور مشرف دور میں صرف ایک بار ق لیگ کے ٹکٹ سے علی اسجد ملہی نے الیکشن جیتا،اسکے علاوہ متعدد مرتبہ راج مسلم لیگ ن کا رہا جنہوں نے سیاست تو خوب کی لیکن عوام کے دکھوں کا مداوا  نہ کیا، جگہ جگہ ابلتے گٹر،ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور نکاسی آب کے ناقص نظام سے شہری آج بھی پریشان ہیں۔

موجودہ حکومت نے حلقہ میں ترقیاتی کام کا آغاز تو کیا لیکن وہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا، سیوریج کی پائپ لائن اکھاڑ تو دی مگر عرصہ دراز سے نئی لائن نہ بچھائی گئی جگہ جگہ پڑے گھڑے انتظامیہ کا منہ چڑا رہے ہیں۔

پسرور بائی پاس سے لیکر سبزی منڈی اور ڈسکہ کچہری و شہر سے لنک کرنے والی سڑک کی حالت بھی انتہائی خستہ ہے، فوارہ چوک ,مین بازار,کالج روڈ اور کچہری روڈ سمیت شہر کے بیشتر علاقے ایسے ہیں جہاں بارش کی چند چھینٹیں بھی شہریوں کے لئے وبال جان بن جاتی ہیں۔