Friday, April 26, 2024

این اے 249 میں شکست کے بعد پی ٹی آئی کی صفوں میں اختلافات پیدا ہو گئے

این اے 249 میں شکست کے بعد پی ٹی آئی کی صفوں میں اختلافات پیدا ہو گئے
May 2, 2021

کراچی (92 نیوز) این اے 249 میں شکست کے بعد پی ٹی آئی کی صفوں میں اختلافات پیدا ہو گئے۔ مقامی قیادت نے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

این اے 249 میں ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی اپنی نشست کا دفاع کرنے میں ناکام ہوئی۔ اختلافات بڑھتے بڑھتے دھمکیوں تک پہنچ گئے۔ پی ٹی آئی کے مقامی رہنماوں نے بدترین شکست کا ذمہ دار رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان کو قرار دے دیا۔

رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے بھی این اے 249 میں شکست پر وزیراعظم کو خط لکھ کر حلقے میں شکست پر تحقیقات کرانے کا مطالبہ  کر دیا اور کہا حلقے کے نتائج کے بعد انھیں قتل کی دھمکیاں مل رہیں ہیں۔

ملک شہزاد اعوان نے اپنے خط میں کہا کہ پلاننگ کے فقدان اور غلط فیصلوں کی وجہ سے یہ سب ہوا۔ جماعت کا مقامی ڈھانچہ مکمل طور پر ناکام ہے۔ مستقبل میں اچھے نتائج کیلئے صورتحال کا نوٹس لیں۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا این اے 249 ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ کچھ غلطیاں بھی سرزد  ہوئیں ہیں۔ یہ سیٹ ہم نے پہلے بھی چھ سو ووٹوں سے جیتی تھی۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے کارکردگی نہیں کارروائی کی بنیاد پر سیٹ جیتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈسکہ کی طرح این اے دوسو انچاس میں بھی ری پولنگ ہونی چائیے۔