Thursday, May 2, 2024

این اے 162 : چیچہ وطنی میں ضمنی الیکشن کا دنگل سج گیا

این اے 162 : چیچہ وطنی میں ضمنی الیکشن کا دنگل سج گیا
September 19, 2016
ملتان (92نیوز) چیچہ وطنی میں ضمنی الیکشن کا دنگل سج گیا ہے اور این اے 162 کیلئے پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ این اے ایک سو باسٹھ کے ضمنی انتخاب میں نون لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے کے مقابلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی کے حلقہ این اے ایک سو باسٹھ میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ چیچہ وطنی کے حلقہ این اے 162کی نشست پی ٹی آئی کے رائے حسن نواز خان کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 3لاکھ 40ہزار 347ہے جن میں 1لاکھ 90ہزار 993مرد ووٹرز جبکہ 1لاکھ 49ہزار 354خواتین ووٹر ہیں۔ یہاں پر کل 293پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں 83مردانہ، 84زنانہ اور 126مشترکہ پولنگ سٹیشن ہونگے جن میں سے 22پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس اور 92 کو حساس قراد دیا گیا ہے۔ ڈی سی او ساہیوال شوکت علی کھچی کے مطابق این اے 162 میں پریزائیڈنگ آفیسرکی تعداد 293، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسرز اور پولنگ آفیسرز کی تعداد 816 ہے۔ مردوں کیلئے 448جبکہ عورتوں کیلئے 368پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں اور تمام پریزائیڈنگ آفیسرز کو مجسٹریٹ دفعہ 30 کے اختیارات حاصل ہونگے جو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں موقع پر کارروائی کرنے کے مجاز ہونگے۔ تمام پولنگ سٹیشنوں کی سکیورٹی فوج اور پولیس کے سپرد ہے۔ پاک آرمی کے ذرائع کے مطابق این اے 162میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں کسی قسم کی دھاندلی نہیں ہونے دی جائے گی۔ الیکشن میں پہلے تحریک انصاف کے رائے حسن نوار خان کو ٹکٹ دیا تھا مگر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد ان کے بھتیجے رائے مرتضی اقبال کو ٹکٹ دیا گیا۔ اسی طرح مسلم لیگ (ن) نے پہلے سابق ایم این اے چوہدری زاہد اقبال کو ٹکٹ دیا مگر ان کے بھی کا غذات نامزدگی مسترد ہو گئے جن کے بعد مسلم لیگ ن نے سابق تحصیل ناظم چوہدری محمد طفیل کو میدان میں لے آئی جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے نامزد امیدوار چودھری شہزاد چیمہ ہے۔