Wednesday, May 1, 2024

این اے 154 : عمران خان اور حمزہ شہباز آج لودھراں میں انتخابی مہم چلائینگے

این اے 154 : عمران خان اور حمزہ شہباز آج لودھراں میں انتخابی مہم چلائینگے
December 21, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کا انتخابی دنگل سر پر آن پہنچا۔ مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف بدھ کو ہونے والے ضمنی انتخاب جیتنے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگا رہی ہیں۔ بڑے مقابلے سے پہلے عمران خان اور حمزہ شہباز شریف آج لودھراں میں عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق این اے ایک سو چون کے ضمنی انتخابات میں صدیق بلوچ کا شیر دھاڑے گا یا جہانگیر ترین کا بلا گھومے گا؟ دونوں امیدوار انتخابی معرکہ سر کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے لگے۔ 23 دسمبر کے دنگل کے لئے لودھراں میں دونوں جماعتوں کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ حمزہ شہباز شریف آج صدیق بلوچ کی حمایت میں جلسہ عام کریں گے توعمران خان بھی جہانگیر ترین کے لئے بڑے اجتماع سے خطاب کریں گے۔ خیال رہے کہ انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہو رہی ہے۔ اس سے پہلے دونوں امیدوار عوام کی زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کرنے کی تگ و دو کر رہے ہیں۔ جہانگیر ترین نے اس سلسلے میں لودھراں میں جلسہ بھی کیا جس میں انہوں نے حکمرانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ادھر لودھراں ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم نے نو ن لیگ اور جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔