Friday, March 29, 2024

این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع
December 5, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کا وقت ختم ہوتے ہی ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی۔

خواتین اور بزرگ ووٹرز بھی حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پہنچے۔ معذور افراد بھی رشتہ داروں کے سہارے ووٹ کاسٹ کرنے آئے۔ ایک دولہا نے بھی دلہن گھر لانے سے قبل ووٹ کاسٹ کیا۔ غیر ملکی مبصرین نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور انتخابی عمل کا جائزہ لیا۔

لاہور کے ضمنی الیکشن سے پی ٹی آئی باہر مگر نون لیگ اور پیپلزپارٹی میں کڑا مقابلہ ہے۔ مختلف پولنگ اسٹیشنز پر متوالے اور جیالے آمنے سامنے ہیں، نعرے بازی اور تلخ کلامی بھی ہوتی رہی۔

پیپلزپارٹی کے ایک ووٹر کے موبائل فون پولنگ اسٹیشن لے جانے پر نون لیگی رہنماء عظمی بخاری نے کڑی تنقید کی۔ ایک آزاد امیدوار نے پولنگ ایجنٹ کو اختیار نامہ نہ ہونے پر پولنگ اسٹیشن سے نکال دیا گیا۔ نون لیگی ایم پی اے باؤ اختر بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشن کے باہر کیمپ میں پہنچے۔

حلقے میں سکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز تعینات کیے گئے ۔ حلقے میں دو سو چون پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جن میں سے اکیس پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور ایک سو ننانوے حساس قراردیئے گئے۔

چار لاکھ چالیس ہزار چار سو پچاسی ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ ہیں پولنگ کا عمل بغیر وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔