Thursday, April 25, 2024

این اے 133 میں ووٹ خریدنے کی ویڈیو، فواد چودھری کا الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ

این اے 133 میں ووٹ خریدنے کی ویڈیو، فواد چودھری کا الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ
November 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) این اے‏ ایک سو تینتیس میں نون لیگ کی ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیو پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے الیکشن کمیشن سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

معاون خصوصی شہباز گل نے کہا الیکشن کمیشن کو اس پر ایکشن لینا ہو گا۔ اگر تاخیر کی تو غیر جانبداری  متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی کہا این اے ایک سو تینتیس میں ووٹرز کی خریداری کا الیکشن کمیشن نوٹس لے۔

این اے 133 کے ضمنی الیکشن سے  پہلے  ووٹوں کی مبینہ خریدو فروخت کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ مبینہ طور پر مسلم لیگ ن کے دفتر میں ووٹوں کی خریدوفروخت اور حلف لینے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ چہرے پر ماسک لگائے ن لیگ کے مبینہ دفتر میں خواتین سے شیر پر مہر لگانے کا حلف لیا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی مبینہ طور پر ووٹرز کو پیسے دے کر ووٹ خریدنے کی ویڈیوز منظر پر آ گئی۔ حلقے کے عوام کو دو دو ہزار روپے فی کس دے کر تیر پر ٹھپہ لگانے کا پابند کیا جا رہا ہے۔

ویڈیوز وائرل ہونے پر  ن لیگ  نے الیکشن کمیشن میں تحریری شکایات درج کرا دی۔ موقف اختیار کیا گیا کہ  پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم گل نے ووٹوں کی خریداری  کرائی ،  ووٹروں کے شناختی کارڈ چیک کر کے  دو ہزار کے عوض  حلف لئے جا رہے ہیں۔

درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے  پیپلز پارٹی کے امیدوار کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری طرف رہنما تحریک انصاف جمشید اقبال چیمہ نے مطالبہ کیا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئےگھناؤنے عمل پر لیگی امیدوار کو نا اہل قرار دینا چاہیے۔ ووٹ دینے کیلئے حلف لے کر پیسے دینا انسانیت کی تذلیل ہے۔ الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب کے عمل کو کالعدم قرار دے۔