Sunday, September 8, 2024

این اے 122کا فیصلہ کاظم ملک کے تعصب کی عکاسی کرتا ہے: رانا ثناءاللہ

این اے 122کا فیصلہ کاظم ملک کے تعصب کی عکاسی کرتا ہے: رانا ثناءاللہ
August 25, 2015
لاہور(92نیوز)وزیر قانون پنجاب رانا ثناءا للہ نے این اے ایک سو بائیس کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو آزاد عدلیہ کی روشن روایات پر بدنما داغ قرار دیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ سردار ایاز صادق کیخلاف فیصلہ کاظم ملک میں ن لیگ کیخلاف پائے جانے والے تعصب کی عکاسی کرتا ہےجس کا اظہار انہوں نے اس فیصلے میں کردیا۔ تفصیلات کےمطابق پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری میں میڈیا  ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ این اے ایک سو بائیس کے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف حکم امتناعی لینا ایاز صادق کا قانونی اور اخلاقی حق ہے۔ کاظم ملک نے بطور ڈی جی اینٹی کرپشن ن لیگ کی حکومت سے جو تعصب برتا حتمی طور پر اس کا اظہار اس فیصلے میں بھی کر دیا۔ وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ انہوں نے ایک سال قبل ایاز صادق کے بیٹے علی اسجد کو کاظم ملک کے متعصب ہونے کے بارے میں آگاہ کردیا تھااور یہ بھی کہا تھا کہ آپ کا مقدمہ قرآن و حدیث پر بھی مبنی ہوا تب بھی کاظم ملک سے انصاف کی امید نہ رکھنا۔ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صرف بیس مدارس ایسے ہیں جن کے اساتذہ اور طالبعلم ماضی میں دہشتگردی میں ملوث رہےجبکہ حکومت نے تیرہ ہزار مدارس کی جیو ٹیگنگ کر لی ہے۔