Sunday, September 8, 2024

این اے 122: انتخابی عذرداری پر کارروائی مکمل ،فیصلہ محفوظ

این اے 122: انتخابی عذرداری پر کارروائی مکمل ،فیصلہ محفوظ
August 17, 2015
لاہور(92نیوز)الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کیخلاف انتخابی عذرداری پر کارروائی مکمل  ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا،فیصلہ بائیس اگست کو سنایا جائے گا۔ تفصیلات کےمطابق الیکشن ٹربیونل نے عمران خان کی عذرداری پر سماعت شروع کی تو سپیکر قومی اسبملی سردار ایاز صادق کے وکیل اسجد سعید نے ایک گھنٹہ تیس منٹ طویل حتمی دلائل دیئے۔ ایاز صادق کے وکیل نے کہا کہ عمران خان نے این اے ایک سو بائیس میں دھاندلیوں کے جو الزامات لگائے ہیں وہ بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی حقیقت نہیں،سردار ایاز صادق کے وکیل نے یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ لوکل کمیشن اور نادرا کی جانب پڑتال سے دھاندلی ثابت نہیں ہوئی، ایاز صادق کے وکیل نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ بھی الیکشن کمیشن ٹربیونل میں پیش کی اور کہا کہ سپریم کورٹ کے تحقیقاتی کمیشن بے بھی دھاندلی کے الزامات کورد کردیا۔ اسجد سعید نے ٹربیونل سے استدعا کی کہ عمران خان کی انتخابی عذرداری کو مسترد کردیا جائے۔ قبل ازیں عمران خان نے عذرداری میں یہ موقف اختیار کیا کہ این اے ایک سو بائیس میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی  اور نتائج میں ردوبدل کیا گیا،اس لئے انتخابی حلقے کے نتائئج کو کالعدم قرار دیا جائے اور سپیکر قومی اسبملی کی رکنیت کو ختم کیا جائے۔ دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن ٹربیونل نے فیصلہ محفوظ کرلیا جوکہ بائیس اگست کو سنایا جائے گا۔ فریقین نے اس امید کا اظہار کیا ہےکہ ٹربیونل  فیصلہ ان کے حق میں سنائے گا۔