Sunday, September 8, 2024

این اے 120 ضمنی الیکشن: سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم  

این اے 120 ضمنی الیکشن: سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم  
September 17, 2017

لاہور (92 نیوز) لاہور کے حلقے این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں فوج، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی کے باوجود کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑے جاری رہے۔ کئی مقامات پر ن اور جنوں میں دھینگا مشتی، تھپڑوں اور گھونسوں کا تبادلہ بھی کیا گیا، مخالفانہ نعرہ بازی بھی ہوتی رہی۔

این اے 120 پر پولنگ کےآغاز پر ہی کہیں سیاسی کارکنوں میں توکہیں انتظامیہ اور امیدواروں کے درمیان تکرار اور کھینچا تانی کا سلسلہ جاری رہا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات اور فوج، رینجرز اور پولیس کی مووجودگی کے باوجود لوئر مال پر ن لیگی اور تحریک انصاف کے کارکن آپس میں بھڑ گئے۔ لاتوں ٹھڈوں، گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا۔

یو سی 56 اور 57 ہال روڈ اور کوپر روڈ، جین مندر کے پولنگ اسٹیشنوں پر ن لیگ کے متوالے اور تحریک انصاف کے کارکن آمنے سامنے آئے اور ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کی۔

ایک موقع پر آزاد امیدوار شیخ یعقوب اور لبیک یا رسول اللہ کے امیدوار کے حامی بھی کیمپ کے قیام پر آمنے سامنے آئے لیکن انتظامیہ کی مداخلت پر معاملہ رفع دفع ہو گیا۔ مزنگ چونگی پر ن اور جنون کا آمنا سامنا ہوا تو کارکن دست و گریبان ہوئے اور خوب نعرے بازی کی۔