Friday, March 29, 2024

این اے 118:نادرا کی رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں پیش، 65ہزار7سو 93کاﺅنٹر فائلز پر انگوٹھوں کے نشانات کی جانچ نہیں ہو سکی

این اے 118:نادرا کی رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں پیش، 65ہزار7سو 93کاﺅنٹر فائلز پر انگوٹھوں کے نشانات کی جانچ نہیں ہو سکی
July 16, 2015
لاہور(92نیوز)نادرانے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو اٹھارہ کی فرانزک رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں جمع کرادی ہے ،رپورٹ کے مطابق ایک لاکھ تریسٹھ ہزار ووٹوں میں سے انچاس ہزار ایک سو بتیس ووٹوں کی تصدیق ہوسکی۔ تفصیلات کے مطابق  الیکشن ٹربیونل کے روبرو نادرا کی پیش کردہ رپورٹ سات سو چونتیس صفحات پر مشتمل ہے جس میں بتایا گیا کہ این اے ایک سوااٹھارہ کے انتخابی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران پنیسٹھ ہزار سات سو ترانوے کاونٹر فائلز پر انگوٹھوں کے نشانات کے مدھم ہونے کی وجہ سے جانچ ممکن نہیں ہو سکی۔ سات سو پینتالیس ایسی کاونٹر فائلز ہیں جن پر انگوٹھوں کے نشانات ہی موجود نہیں ہیں ،نادرارپورٹ کے مطابق تین ہزار دو سو اٹھہتر ایسے شاختی کارڈز جو قابل استعمال نہیں ہیں۔ ایک ہزار چھ سو بہتر ایسی کاونٹر فائلز ہیں جن کے شناختی کارڈرز نمبر درج نہیں ہیں اور ایک ہزار دو سو بیاسی ایسے کاونٹرز فائلز ہیں جن پر شناختی کارڈز کا کوئی نہ کوئی ہندسہ درج نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک سو پینتالیس ووٹ ڈبل ڈالے گئے اور دو سو 67 ووٹ ایسے ہیں جو این اے ایک سو اٹھارہ کے حلقے کے نہیں ہیں۔ الیکشن ٹربیونل نے نادرا کی رپورٹ کی نقول وکلا ءکو فراہم کردی ہیں اور نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنید شوکت کو تین اگست کو طلب کیا ہے تاکہ وہ ٹربیونل کے روبرو رپورٹ مرتب کرنے کے بارے میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔