Friday, May 3, 2024

این اے 110 کیس : پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

این اے 110 کیس : پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ
November 24, 2016

اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف نے این اے 110 کے حوالے سے فیصلے پر سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پی ٹی آئی خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کرے گی۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کی نااہلی کے لیے تصدیق شدہ ثبوت ملے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کا اجلاس عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہوا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی نے 24 ویں ترمیم کی کھل کر مخالفت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ شاہ محمود قریشی اپوزیشن جماعتوں کو فیصلے کے اثرات سے آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کسی طور آئین میں متنازعہ انداز میں ترمیم کی اجازت نہیں دے گی۔

پی ٹی آئی کی قیادت نے سرحدوں پر بھارتی جارحیت کی بھی شدید مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں اور شہریوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ دوسری جانب عمران خان سے بابر اعوان اور عثمان ڈار کی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف حلقہ این اے 110 سیالکوٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کرے گی۔

درخواست عثمان ڈار کی جانب سے سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے پر دائر کی جائے گی۔ تحریک انصاف خواجہ آصف کی نااہلی کے لیے آئندہ ہفتے لاہور ہا ئی کورٹ سے بھی رجوع کرے گی۔ عمران خان کا موقف تھا کہ خواجہ آصف کی نااہلی کے لیے تصدیق شدہ اہم ثبوت مل گئے ہیں۔