Sunday, September 8, 2024

این ایل سی کرپشن کیس : سپریم کورٹ نے فوجی افسروں کےخلاف کارروائی اور نیب کے رویے پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا

این ایل سی کرپشن کیس : سپریم کورٹ نے فوجی افسروں کےخلاف کارروائی اور نیب کے رویے پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا
August 10, 2015
اسلام آباد (92نیوز) این ایل سی کرپشن سکینڈل کیس میں عدالت نے فوجی افسران کے خلاف کارروائی اور نیب کے رویے پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے این ایل سی کرپشن سکینڈل کیس کی سماعت کی۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نیب آدھے گھنٹے میں رپورٹ دے کہ ملزمان کے حوالے سے جی ایچ کیو کو کب کب درخواستیں دیں۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر اکبر تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ جی ایچ کیو کی جانب سے فوجی افسران کو معطل کیے جانے کے احکامات نیب کو بھی موصول ہوگئے ہیں۔ این ایل سی سکینڈل میں ملوث سویلین اور فوجی افسران کو تازہ نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالت ملزمان کے حوالے سے نیب کے رویے سے مطمئن نہیں۔ نیب نے خود کیوں کارروائی نہیں کی۔ جی ایچ کیو کے احکامات کا کیوں انتظار کرتا رہا ہے۔ کیا اب معمولی معمولی سی انکوائری کے لیے بھی نیب کو احکامات دینا ہونگے۔ واضح رہے کہ این ایل سی کے اعلی فوجی افسران نے کراچی سٹاک ایکسچینج میں 4 ارب کی غیر قانونی سرمایہ کاری کی تھی۔ میجر جنرل (ر) خالد زاہد اختر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد افضل مظفر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد منیر این ایل سی سکینڈل کے ملزمان ہیں۔ این ایل سی کرپشن سکینڈل میں ایک شہری سعید الرحمان کا نام بھی ملزمان میں شامل ہیں۔