Thursday, March 28, 2024

این ای ڈی یونیورسٹی، ایشیاکی ٹاپ جامعات میں شمولیت کی خوشی میں تقریب

این ای ڈی یونیورسٹی، ایشیاکی ٹاپ جامعات میں شمولیت کی خوشی میں تقریب
November 16, 2017

کراچی ( ویب ڈیسک ) آئی ایس او 9001:2015 سرٹیفیکیشن کے حصول اور کیو ایس ایشیاءیونی ورسٹی رینکنگ 2018 میں این ای ڈی یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایشیا کی ٹاپ جامعات میں شمولیت کی خوشی میں جامعہ میں تقریب منعقد کی گئی ۔
استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیو ای سی) کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے بالخصوص تمام شعبہ جات کے سربراہان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کامیابی کو ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا اور آئندہ کے اہداف کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ ماسٹرز اورپی ایچ ڈی کے این او سی کے حصول اور اُس کی جانچ پڑتال(ریویو) جب کہ انسٹی ٹیوشن ایلیویشن پروگرام (آئی پی ای) کا حصول بھی اگلے چند ماہ میں ممکن ہوسکے گا۔
اس موقع پر پرُووائس چانسلر پروفےسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو کا کہنا تھاکہ جامعہ کی خوش قسمتی ہے کہ اس سے وابستہ افراد باصلاحیت اور اپنے کاموں کاموں سے ایمان دار ہیں، کوششوں اور محنت کا صلہ ضرور ملتا ہے، اسی لیے این ای ڈی یونی ورسٹی ترقی کی جانب رواں دواں ہے۔
جبکہ وائس چانسلر پروفےسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا مبارک باد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ غلطیوں سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھتے رہنااور جدوجہد کرتے رہنا چاہیے۔ جامعہ این ای ڈی سے وابستہ تمام افراد کو سراہتے ہوئے کہا کہ سب نے ادارے کی بہتری کے لیے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور یہ کامیابی اسی یکجہتی کانتیجہ ہے۔
یاد رہے کہ 16اکتوبر کو جاری کیے گئے کیو ایس رینکنگ کے معیار کے مطابق 2014 کے مقابلے میں این ای ڈی یونی ورسٹی کے معیار میں 13.9 فی صد اضافے کی بنیا د پر اسے ایشیاءکی ٹاپ2.5 فی صد جامعات میں شامل کیا گیا ہے۔