Friday, April 26, 2024

این آر او کے تحت چھوڑے گئے بیشتر ملزموں کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا، سیاسی جماعتیں غلطیاں کریں گی تو انجام بھی بھگتنا ہو گا: جنرل (ر)حمید گل

این آر او کے تحت چھوڑے گئے بیشتر ملزموں کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا، سیاسی جماعتیں غلطیاں کریں گی تو انجام بھی بھگتنا ہو گا: جنرل (ر)حمید گل
May 1, 2015
اسلام آباد (92نیوز) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں اگر غلطیاں کریں گی تو انجام بھی بھگتنا ہو گا۔ این آر او سے چھوڑے گئے ملزموں میں سے بیشتر ایم کیو ایم کے تھے، ایم کیو ایم کا مقدمہ سچائی کی بنیاد پر نہیں اس لئے وہ پریشان ہے، ”را“ کا نیٹ ورک بہت بڑا ہے، بھارت چاہتا ہے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا الزام فوج پر آئے۔ تفصیلات کے مطابق نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی گفتگو میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمیدگل نے کہا ہے کہ این آر او کے ذریعے چھوڑے گئے 8ہزار ملزموں میں سے بیشتر کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا۔ ایم کیو ایم کا مقدمہ سچائی کی بنیاد پر نہیں اسی وجہ سے وہ لوگ پریشان ہیں، جماعتیں اگر غلطیاں کریں گی تو حتمی انجام کا بھی انتظار کرنا ہوگا ۔ حمیدگل نے کہا کہ ایس ایس پی ملیر زرداری کے بہت قریب ہیں، چوہدری نثار کو آصف علی زرداری کی وجہ سے ہی کراچی آپریشن سے دور رکھا گیا۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین چاہتے ہیں کراچی آپریشن ناکام ہو جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والی سیاست کا کردار بھی آمرانہ ہے۔ میثاق جمہوریت بھی پاک فوج کےخلاف تھا، اب سب کومل کر ملک بچانا ہوگا۔