Thursday, March 28, 2024

این آر او کیس، آصف زرداری ، مشرف کے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

این آر او کیس، آصف زرداری ، مشرف کے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب
July 4, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سپریم کورٹ میں این آر او کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے آصف زرداری اور پرویز مشرف کے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب  کر لیں ۔عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کو تحریری جواب جمع کرانے کیلئے2 ہفتے کی مہلت  دی گئی ہے ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ جو بڑے سمجھتے ہیں پکڑے نہیں جائیں گے انہیں ڈھونڈ نکالیں گے ۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس  میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے این آراوکیس کی سماعت کی، عدالت نے سابق صدور آصف علی زرداری اورپرویز مشرف سے اثاثوں،بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرلیں۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ 4 اگست کو ایمنسٹی سکیم ختم ہورہی ہے ، 4 اگست کے بعد  ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کے حوالے بیان حلفی دے دیں ،  ان لوگوں نے بھی ایمنسٹی سکیم سے فائدہ لیا ہوگا،یہ سکیم سیاستدانوں کے لیے نہیں تھی ، عدالت عظمی کو اعتماد میں لینے میں کیا حرج ہے ، وقت آگیا ہے کہ کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا۔ وکیل آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ان کے موکل  8 مقدمات میں بری ہوچکے ہیں ، انھوں نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ اپنا بیان حلفی دیا ہے ۔ جس پر چیف جسٹس کا کہناتھا کہ ایک بیان حلفی اس عدالتی کارروائی میں بھی آجائے ، ایمنسٹی سکیم کے بعد ان لوگوں کی ایمانداری کو چیک کرنا چاہتے ہیں۔ چی فجسٹس نے ریمارکس دیئے کہ  بدعنوانی کے مقدمات میں کوئی استثنیٰ  نہیں ، جو بڑے یہ سمجھتے ہیں پکڑے نہیں جائیں گےانھیں ڈھونڈ نکالیں گے۔چیف جسٹس نے مزیدکہا کہ ڈیمز بنانے ہیں ملکی قرضہ بھی اتارنا ہے۔ وکیل اخترشاہ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف عدالتوں کا احترام کرتے ہیں ، درخواست کی کاپی انھیں ارسال کر دی ہے جواب جمع کرانے کے لئے وقت دیا جائے جس پر عدالت نے پرویز مشرف کو تحریری جواب جمع کرانے کی دو ہفتے کی مہلت دیدی ، کیس کی سماعت 7اگست تک ملتوی کردی گئی۔