Thursday, April 25, 2024

این آر او کی ضرورت نہیں ، آصف زرداری ، وزیراعظم این آر او کا مطلب نہیں جانتے ، بلاول

این آر او کی ضرورت نہیں ، آصف زرداری ، وزیراعظم  این آر او کا مطلب نہیں جانتے ، بلاول
January 15, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) این آر او سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے ٹویٹ نے ہنگامہ برپا کر دیا ، پاکستان مسلم لیگ ن کے  مرکزی رہنما شہباز شریف کے بعد   پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت بھی این آر او کے بیان پر میدان میں اتر آئے ۔ شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق صدر  آصف علی زرداری نے کہا کہ  ہمیں این آر او کی ضرورت نہیں ، حکومت کچھ بھی دینے کی پوزیشن میں نہیں ہے ۔ شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کو علم ہی نہیں ہے کہ این آر او ہوتا کیا ہے ۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی این آر او کے معاملے پر  وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ  وزیر اعظم صاحب  خود تو پارلیمنٹ آتے نہیں ، خان صاحب کو کیا علم کہ پارلیمنٹ کیا  ہوتا ہے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں آکر  سوالوں کے جواب دینے کا وعدہ کیا تھا  مگر خان صاحب کا وہ وعدہ بھی جھوٹا نکلا۔ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپوزیشن پر این آر سے متعلق بیان پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا  تھا کہ وزیر اعظم کا الزام بے بنیاد ہے ، جواب دینا بھی ضروری نہیں سمجھتا۔ اپوزیشن  لیڈر کی جانب سے گزشتہ روز قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا گیا ،  جس پر آج وزیر اعظم عمران خان نے اپنے  ٹویٹ پیغام میں کہا کہ  اپوزیشن این آر او کے لئے حرکتیں کر رہی ہے ، وزیراعظم کے الزام کےجواب میں اپوزیشن لیڈر  نے کہا کہ الزام بے بنیاد، جواب دینا بھی ضروری نہیں سمجھتا۔