Friday, April 19, 2024

این آئی سی ایل اسکینڈل ، محسن حبیب کی عدم گرفتاری پر سپریم کورٹ نیب پر برہم

این آئی سی ایل اسکینڈل ، محسن حبیب کی عدم گرفتاری پر سپریم کورٹ نیب پر برہم
March 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) این آئی سی ایل اسکینڈل میں ملزم محسن حبیب کو گرفتار نہ کرنے پر سپریم کورٹ نیب پر برہم ہو گئی ، جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دئیے کہ نیب کا آنگن ہی ٹیڑھا ہے، کرپٹ لوگ ملک لوٹ کر کھا گئے کوئی ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا ،نیب سے اللہ ہی پوچھے گا ۔ سپریم کورٹ نے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کرپشن اسکینڈل میں مرکزی ملزم محسن حبیب وڑائچ کو گرفتار نہ کرنے پر نیب کی وضاحت مسترد کردی۔ جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ اتنا بڑا کیس ہے اور ملزم آرام سے گھوم رہا ہے، اب تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ ۔ نیب پراسیکیوٹر نے آگاہ کیاکہ این آئی سی ایل اسکینڈل کے ملزم کو نیب میں طلب کیا گیا تھا لیکن عدالتی حکم پر گرفتار نہیں کیا گیا ۔ جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ کا حکم صرف دو دن کیلئے تھا۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ نیب نے ملزم کو چائے پلائی ہوگی اور کیک کھلائے ہوں گے ، نیب سے اللہ ہی پوچھے گا۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دئیے کہ نیب کیا کر رہا ہے، آخر تکلیف اور پریشانی کیا ہے ،ہر چیز میں ہی گڑ بڑ ہے، نیب کا آنگن ہی ٹیڑھا ہے ، کرپٹ لوگ ملک لوٹ کر کھا گئے کوئی ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا،نیب والے بھی بااثر افراد پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتے ہیں،کیا کوئی ادارہ نہیں جو نیب کا آڈٹ کرے۔ عدالت نے اگلے ہفتے نیب پراسیکوٹر جنرل اور محسن حبیب کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔