Friday, April 19, 2024

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا بھی کورونا ویکسین کی عالمی تقسیم پر اظہارِ تشویش

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا بھی کورونا ویکسین کی عالمی تقسیم پر اظہارِ تشویش
May 2, 2021

لندن (92 نیوز) انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی کورونا ویکسین کی عالمی تقسیم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مہم کا آغاز کردیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے کورونا ویکسین تیار کرنے والی بڑی بڑی کمپنیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ویکسین کی کمی کو پورا کرنے کے لئے دیگر چھوٹی کمپنیوں سے بھی ویکسین کا فارمولا شیئر کیا جائے۔

کورونا ویکسین کی عالمی تقسیم عدم مساوات کا شکارہے، ترقی یافتہ ممالک کی اجارہ داری قائم ہے، جس کے باعث ترقی پذیر ممالک میں ویکسین کی ترسیل تعطل کا شکار ہے۔

عدم مساوات کے خلاف ایمنسٹی انٹرنیشنل میدان میں آگئی۔۔۔نئی مہم کا آغاز کردیا۔ ویکسین بنانے والی تمام بڑی کمپنیوں سے ویکسین کی ترسیل مساوی رکھنے کی اپیل کردی۔

آن لائن مہم کے مطابق اگر فارماسوٹیکل کمپنیاں اپنا فارمولا اور معلومات ویکسین کی پیداوار کے لئے دیگر دواساز کمپنیوں سے شیئر کرتی ہیں تو کورونا وباء کا خاتمہ عالمی سطح پر ممکن ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ ابھی وقت ہے حرکت میں آئیں، فارماسوٹیکل کمپنیز سے رابطہ کریں انہیں قائل کریں کہ ویکسین لگوانا ہر انسان کا حق ہے۔ لہذا دنیا میں ہر شخص کی کورونا ویکسین تک رسائی ہونی چاہیے۔

موجودہ حالات میں یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ دنیا کی سب سے بڑی فارماسوٹیکل کمپنیاں ویکسین کی ترسیل ٹھیک نہیں کررہی۔جس کی وجہ سے دنیا کے غریب ممالک کے لوگ جو ویکسین کے منتظر ہیں انہیں ویکسین نہیں مل رہی۔