Friday, May 3, 2024

ایمنسٹی اسکیم سے اختلاف ، عبدالحفیظ شیخ کی ایف بی آر کو نیا مسودہ تیار کرنے کی ‏ہدایت

ایمنسٹی اسکیم سے اختلاف ، عبدالحفیظ شیخ کی ایف بی آر کو نیا مسودہ تیار کرنے کی ‏ہدایت
April 22, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے اسد عمر کی ایمنسٹی اسکیم سےاختلاف کرتے ہوئے  ایف بی آر کو نیا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

اثاثہ جات کی ڈیکلیئریشن سے متعلق مستعفی وزیر خزانہ اسد عمر کی ایمنسٹی اسکیم عبدالحفیظ شیخ کو قبول نہیں ، وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے شرائط وضوابط اور ٹیکس ریٹس اور سلیبز سے  اتفاق نہیں کیا۔ ایف بی آر کو اسکیم میں تبدیلی کی ہدایت کردی۔

وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ بےنامی اثاثوں  کو ظاہر کرنے پر ٹیکس ریٹ میں کمی اور بیرون ملک سے اثاثے واپس لانے کی شرط میں نرمی کا امکان ہے جبکہ غیرملکی اثاثوں اوررقم سے پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ اورغیرملکی کرنسی بانڈ خریدنے کی اجازت ہوگی۔

حکام نے بتایا کہ ایمنسٹی اسکیم کیرٹ اینڈ اسٹک پالیسی کے تحت اسکیم نافذ ہوگی اور اس کے باعث روزگارمیں اضافہ اورغربت میں کمی ہوگی۔

حکومت نے ملک میں معاشی سرگرمیاں محدود ہونے کا بھی ادراک کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریٹس اور سلیبز پر نظرثانی کا کام شروع ہوچکا۔

ایف بی آر کی جانب سے اگر ترمیمی مسودہ تیار کرلیا تو سمری منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔