Friday, April 19, 2024

کیسی افلاک، وائلا ڈیوس، ایما سٹون، مہرشالا علی نے آسکرز جیت لیے

کیسی افلاک، وائلا ڈیوس، ایما سٹون، مہرشالا علی نے آسکرز جیت لیے
February 27, 2017

لاس اینجلس (ویب ڈیسک) 89ویں اکیڈمی ایوارڈز کا میلہ لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں سجایا گیا جو میوزیکل فلم ’’لالا لینڈ‘‘ نے لوٹ لیا۔ بہترین اداکار اور اداکارہ کے ایوارڈز کیسی افلاک اور ایما اسٹون اور بہترین فلم کا ایوارڈ ’’مون لائٹ‘‘ کے حصے میں آیا۔

آسکر ایوارڈز تقریب میں بہترین معاون اداکار اور اداکارہ کے ایوارڈز مہر شالا علی کو فلم ’’مون لائٹ‘‘ اور وائلا ڈیوس کو فلم ’’فینسز‘‘ کیلئے ملا۔ ایرانی ڈائریکٹر اصغر فرہادی کی فلم ’’سیلزمین‘‘ بہترین غیرملکی فلم قرار پائی تو ’’زوٹوپیا‘‘ نے بہترین کارٹون فیچر فلم اور سنیماٹو گرافی کے ایوارڈ جیتے۔ ملبوسات اور میک اپ کے ایوارڈ ’’سوسائیڈ اسکواڈ‘‘ اور ’’فنٹاسٹک بیسٹس‘‘ نے جیتے۔

پروڈکشن ڈیزائن کا ایوارڈ ’’لا لا لینڈ‘‘ کو ملا۔ بہترین ڈائریکشن کا ایوارڈ ڈیمن شازلی کو ’’لا لا لینڈ‘‘ کیلئے دیا گیا۔ مختصر اینی میٹڈ فلم کا ایوارڈ ’’پائپر‘‘ نے جیتا۔ ساؤنڈ ایڈیٹنگ اور ساؤنڈ مکسنگ کے ایوارڈ ’’ارائیول‘‘ اور ’’ہیکسارج‘‘ کو ملے۔ صوتی اثرات کا ایوارڈ ’’دی جنگل بک‘‘ کو ملا۔ اسی طرح دستاویزی فیچر فلم کا ایوارڈ ’’او جے میڈ ان امریکا‘‘ کو جبکہ بہترین مختصر دستاویزی فلم کا ایوارڈ ’’وائٹ ہیلمٹس‘‘ کو ملا۔

چودہ کیٹیگریز میں نامزد ہونے والی رومانس اور موسیقی سے بھرپور فلم ’’لالالینڈ‘‘ پر سب کی نظریں مرکوز تھیں۔ ’’لالا لینڈ‘‘ کو سب سے پہلے بہترین سینماٹو گرافی کا ایوارڈ ملا اور پھر بہترین موسیقی کا ایوارڈ بھی اسکی جھولی میں آن گرا۔ ’’لالالینڈ‘‘ کی ہیروئین ایما سٹون بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لے اڑیں تو بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ بھی ’’لالالینڈ‘‘ کے ڈیمین چیزل کے نام رہا۔

ادھر آسکر ایوارڈز کی تقریب میں سیاہ فام اداکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے زیادہ ایوارڈز جیتے اور گوری چمڑی والے اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ان میں وائیلا ڈیوس بھی شامل تھی جسے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا تو سیاہ فام خاتون پرنم ہو گئیں۔ ایوارڈ حاصل کرنے پر وائیلا ڈیوس نے کہا کہ دنیا میں ایک ہی جگہ ایسی ہے جہاں بہترین صلاحیتوں کے مالک افراد مل سکتے ہیں اور وہ ہے قبرستان۔ اور لوگ پوچھتے ہیں کہ وہ کس طرح کی کہانیاں بیان کرنا چاہیں گی تو اس کا جواب ہوتا ہے کہ ان مقابر میں موجود افراد کی کہانیاں نکالیں جنہوں نے بڑے خواب دیکھے لیکن ان کی تعبیر نہیں پائی۔ جو لوگ محبت میں گرفتار ہوئے اور اسی میں کھو گئے۔

ڈیوس نے فلم میں روز میکس سن کا کردار ادا کیا اور اس پر ٹونی ایوارڈ بھی جیتا۔ معمولی شکل و صورت والی ڈینس کی گفتگو نے تقریب کے شرکاء کو حیران و ششدر کر دیا اور وہ اداکارہ کی بجائے مفکر اور فلسفی لگیں جو زندگی کے اسرار و رموز کو بخوبی جانتی ہیں۔ ڈیوس دوہزار آٹھ میں فلم ’’ڈاؤٹ‘‘ میں بہترین معاون اداکارہ اور دوہزار گیارہ میں فلم ’’دی ہیلپ‘‘ کیلئےبہترین اداکارہ نامزد ہو چکی ہیں۔