Thursday, May 2, 2024

ایم کیوایم رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کے قتل کو 8برس بیت گئے

ایم کیوایم رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کے قتل کو 8برس بیت گئے
September 16, 2018
کراچی ( 92 نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کو آٹھ برس بیت گئے ، آج ان کی آٹھویں برسی منائی جارہی ہے۔ قتل کے مقدمے کا ٹرائل حتمی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے ۔  استغاثہ کے آخری گواہ سابق تفتیشی افسر شہزاد ظفر کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند کیس کی سماعت 18 ستمبر کو دوبارکریں گے ، استغاثہ کے آخری گواہ شہزاد ظفر کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔ عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010 کی شام لندن کے علاقے گرین لائن میں چھریوں کے وار سے قتل کردیا گیا تھا۔ برطانوی پولیس نے تفتیش کا دائرہ بڑھایا تو بانی ایم کیو ایم کے نام بھی سامنےآیا۔ برطانوی حکومت نے پاکستان سے مدد مانگی تو 2015 میں اس وقت کے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے مقدمہ درج کرنے کا اعلان کیا ۔ مقدمہ میں بانی متحدہ،  دیگر پارٹی رہنما اور کارکن افتخار حسین، محمد انور، معظم علی خالد شمیم، سید محسن علی، اور کاشف کامران کو ملزم نامزد کیا گیا ۔ مقدمے میں  8 جنوری 2016 کو اہم پیش رفت ہوئی ، ملزم خالد شمیم اور محسن علی نے مجسٹریٹ کے روبرو اعتراف جرم کیا ۔ 3 برس بعد، مئی 2018 میں ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ۔ مسلسل عدم حاضری پر عدالت نے مقدمے کے مرکزی ملزم بانی متحدہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرکے انکی جائیداد بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم سنا رکھا ہے۔